منکی 31 اکتوبر (ایس او نیوز/تعظیم قاضی) مرکزی جماعت المسلمین منکی کی زیر سرپرستی اور ہیگڑے کلنک اور شری کلنک کے اشتراک سے ہوناور تعلقہ کے منکی میں آنکھوں کے معائنہ کا مفت کیمپ اتوار کو منعقد ہوا جس میں سو سے زائد لوگوں نے اپنی انکھوں کی جانچ کرائی اور علاج کےلئے ڈاکٹروں سے رہنمائی حاصل کی۔
جانچ سے پہلے مختصراً افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کا آغاز صبح 9:00am بجے مستورڈ بن خلیق الزماں کٹنگری کی تلاوت سے ہوا۔ منکی کےقاضی و خطیب مولانا شکیل احمد صاحب سکری ندوی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں حاضرین کو نصیحتوں سےنوازا۔ بھٹکل سے تشریف فرما انکھوں کے سرجن ڈاکٹر ہرشِت ہیگڑے نے اپنی زندگی کے مختلف گوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آنکھوں کے متعلق معلومات فراہم کی۔ منکی کی شری کلنک کے ڈاکٹر جیون نےاپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرشت ہیگڑے سے درخواست کی کہ وہ ہفتہ کے دو دن منکی میں تشریف لاکر یہاں کے مریضوں کا معائنہ کریں، جماعت المسلمین منکی نے بھی اِس سلسلہ میں اپنا مکمل تعاون دینے کی بات کہی۔
مرکزی جماعت المسلمین منکی کے صدر قاضی محمد ارشاد صاحب نے صدارتی کلمات سے نوازا اور شکریہ کے کلمات بھی پیش کئے۔جلسہ کی نظامت مولوی تعظیم قاضی ندوی نے کی اور مولانا شکیل صاحب سکری ندوی کی دعا پر نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
صبح 9:45 انکھوں کی جانچ کا کیمپ شروع ہوا جو دوپہر 12 بجے تک چلا اس دوران 100 سے زائد مرد و خواتین نے فائدہ اُٹھایا۔ کیمپ میں انکھوں کے دو ماہر ڈاکٹروں سمیت دیگر میڈیکل اسٹاف نے بھی اپنی خدمات پیش کیں۔